کپتان بابر اعظم دو سال بعد آئی سی سی ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ کی ٹاپ10 میں دوبارہ شامل ہوگئے، ویسٹ انڈیز کے خلاف پورٹ آف سپین ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد بابر اعظم پانچ درجے ترقی کرکے دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔31 سالہ بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 88 اور ناٹ آئوٹ24 رنز بنائے، پاکستان نے یہ میچ 8 وکٹوں سے جیت کر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز برابر کردی تھی۔ بابر اعظم ستمبر 2024 میں ٹاپ10 سے باہر ہوئے تھے، اس سے قبل وہ مسلسل پانچ سال تک ٹاپ10 میں موجود رہے۔
ان کی کیریئر کی بہترین رینکنگ دوسری پوزیشن رہی، جو انہوں نے دسمبر2022 میں انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران حاصل کی تھی۔ پاکستان کے عبداللہ شفیق نے بھی رینکنگ میں نمایاں ترقی حاصل کی، ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں160 اور ناٹ آئوٹ 24 رنز بنانے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ویسٹ انڈیز کے برینڈن کنگ 73 ویں سے مشترکہ 69 ویں پوزیشن پر آگئے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 50 گیندوں پر46 رنز بنائے تاہم کمر کی انجری کے باعث دوسری اننگز میں بیٹنگ نہ کرسکے۔
بولرز کی رینکنگ میں ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر شمر جوزف ایک درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انہوں نے ٹیسٹ میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان کے آف سپنر ساجد خان پانچ درجے بہتری کے بعد 30 ویں، محمد علی آٹھ درجے ترقی کرکے 85 ویں جبکہ لیفٹ آرم اسپنر علی عثمان58 درجے بہتری کے بعد 97 ویں پوزیشن پر آگئے۔آئی سی سی ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں افغانستان کے اوپنر رحمان اللہ گرباز تین درجے ترقی کرکے 11ویں پوزیشن پر پہنچ گئے۔
انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف سیریز کے دوسرے اور تیسرے میچ میں بالترتیب32 اور71 رنز بنائے۔ عمان کے حمد مرزا دو درجے بہتری کے بعد 85 ویں جبکہ متحدہ عرب امارات کے راہول چوپڑا37 درجے ترقی کرکے مشترکہ 97 ویں پوزیشن پر آگئے۔آئرلینڈ کے فاسٹ بولر مارک اڈیئر افغانستان اور سکاٹ لینڈ کے خلاف دو، دو وکٹیں حاصل کرنے کے بعد دوبارہ 17ویں پوزیشن پر آگئے جبکہ سکاٹ لینڈ کے برینڈن مک ملن کینیڈا اور متحدہ عرب امارات کے خلاف تین، تین وکٹیں لینے کے بعد10 درجے ترقی کرکے مشترکہ 48 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔