ضلعی انتظامیہ گوادر نے ماہِ رمضان المبارک میں مستحق اور کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے عوام دوست ویژن اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ گوادر نے ماہِ رمضان المبارک میں مستحق اور کم آمدنی والے طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی زیر نگرانی اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر نے وزیراعلیٰ بلوچستان راشن اسکیم کے تحت شہر اور مضافاتی علاقوں میں مستحق خاندانوں میں راشن پیکجز تقسیم کیے۔
اسسٹنٹ کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے مختلف وارڈز کا دورہ کر کے تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا اور اس امر کو یقینی بنایا کہ راشن کی فراہمی مکمل شفافیت اور منظم طریقہ کار کے تحت ہو۔ تقسیم کیے جانے والے پیکجز میں آٹا، چاول، دالیں، چینی، کوکنگ آئل اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش شامل تھیں، تاکہ مستحق خاندان ماہِ مقدس میں بنیادی ضروریات سے محروم نہ رہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کی کہ مستحقین کی عزتِ نفس کا مکمل خیال رکھا جائے اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومتی ریلیف اسکیم کا مقصد صرف امداد کی تقسیم نہیں بلکہ عوام کا اعتماد بحال کرنا اور ریاستی ذمہ داری کا عملی اظہار ہے۔ بعدازاں انہوں نے مستحقین سے ملاقات کر کے ان کے تاثرات بھی حاصل کیے۔
ڈپٹی کمشنر گوادر نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے وژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ رمضان المبارک کے دوران عوامی خدمت کو اولین فریضہ سمجھتے ہوئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان حکومتی سہولت سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راشن اسکیم کی نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔مقامی شہریوں نے حکومتِ بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ فلاحی اقدامات کا یہ سلسلہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، تاکہ معاشرے کے نادار طبقات کو بروقت اور باوقار ریلیف میسر آتا رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.