محکمہ صحت بلوچستان کی بڑی کامیابی: سول ہسپتال کوئٹہ میں 14 بچوں کے کامیاب کوکلیئر ایمپلانٹ آپریشن مکمل

محکمہ صحت بلوچستان کے کوکلیئر ایمپلانٹ پروجیکٹ (Cochlear Implant Project)نے ایک اور شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے سول ہسپتال کوئٹہ میں سماعت سے محروم 14 بچوں کے کامیاب کوکلیئر ایمپلانٹ آپریشن مکمل کیے۔ یہ اقدام ان بچوں کے لیے نئی زندگی کی نوید ہے جنہیں پہلی بار آوازوں کی دنیا میں قدم رکھنے کا موقع ملا۔
تین روزہ سیشن کے دوران ڈاکٹروں کی تربیت کے لیے آڈیو ویژوئل ورکشاپس اور عملی مشقوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن کی قیادت اسلام آباد سے آنے والے ممتاز ماسٹر ٹرینر پروفیسر ڈاکٹر مقبول احمد بلوچ نے کی۔ ان سیشنز کا مقصد بلوچستان کے ڈاکٹروں کو کوکلیئر ایمپلانٹ کی جدید تکنیکوں سے روشناس کروانا تھا۔پراجیکٹ لیڈ پروفیسر ڈاکٹر شیر زمان نے اس کامیابی کو انسانیت کی خدمت اور علم کی روشنی بانٹنے کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صرف سرجری نہیں بلکہ بلوچستان میں پائیدار طبی مہارت کی بنیاد رکھنا ہے۔

اس عظیم کامیابی پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز خان بگٹی، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی اور ڈائریکٹر جنرل صحت بلوچستان بلوچستان ڈاکٹر امین خان مندوخیل کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا جن کی قیادت، تعاون اور فعال سرپرستی نے اس قومی خدمت کو ممکن بنایا۔یہ کامیابی نہ صرف بلوچستان میں جدید طبی خدمات کے فروغ کی علامت ہے بلکہ ایک ایسی تحریک کا آغاز ہے جو سماعت سے محروم بچوں کے لیے امید اور نئی زندگی کا دروازہ کھولتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.