حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا، دونوں رہنمائوں کا موجودہ حکومت سے جلد از جلد قوم کو نجات دلانے پر اتفاق
مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے آصفہ بھٹو کی خیریت بھی دریافت کی،ذرائع
اسلام آباد:پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان سے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنمائوں کے درمیان وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی گئی، تحریک عدم اعتماد کے لیے اپوزیشن کی نمبر گیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان تحریک عدم اعتماد کے لیے ممکنہ تاریخ کے تعین پر بھی مشاورت کی گئی، حکومتی اتحادی جماعتوں سے رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے آصف زرداری سے آصفہ بھٹو کی خیریت بھی دریافت کی۔اس سے قبل مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف سے بھی رابطہ کیا تھا ، جس میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر مشاورت کی گئی اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کرنے کے ساتھ ساتھ نمبر گیم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔مولانا فضل الرحمن نے نواز شریف کو اپوزیشن کی پیش قدمی سے متعلق آگاہ کیا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ دونوں رہنمائوں کا موجودہ حکومت سے جلد از جلد قوم کو نجات دلانے پر اتفاق ہوا۔