کنگ آف دی ڈی عبدالرشیدجونیئر دارفانی سے رخصت

0 178

راولپنڈی ( سپورٹس رپورٹر)  گول کرنے کا کوئی موقع ضائع نہ کرنیوالے سابق ہاکی اولمپیئن عبدالرشید جونیئر(رشیدجونیئر) 73 سال کی عمر میں اسلام آباد میں وفات پا گئے ،89 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 96 گولز کرنیوالے سابق کھلاڑی کافی عرصے سے علیل تھے جس کے باعث انہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ پاکستان کے سابق گول کیپر سلیم شیروانی اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے رشید جونیئر کے خاندانی ذرائع سے ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہیں ان کے آبائی شہر بنوں میں سپردِ خاک کیا جائیگا۔رشید جونیئر کا شمار بین الاقوامی ہاکی کے صف اول کے سنٹر فارورڈز میں ہوتا تھا ۔ 3مارچ 1947کو پیدا ہونیوالے رشید جونیئر کی سب سے بڑی خوبی یہ تھی کہ ساتھی کھلاڑیوں کی طرف سے ملنے والے پاس پر یا خود حریف دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دے کر وہ گیند کو پلک جھپکتے ہی گول میں پہنچا دیتے تھے ،اسی خوبی کی وجہ سے وہ ’’شارپ شوٹر‘‘اور ’’کنگ آف دی ڈی‘‘ کے نام سے مشہور تھے ۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی ابتدا جنوری 1968 میں لاہور فیسٹیول میں سری لنکا کیخلاف میچ میں رائٹ ان کی حیثیت سے کی تھی ،وہ 1968میں میکسیکو اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والی قومی ٹیم کا حصہ تھے ،1970میں انہوں نے ایشین گیمز میں بھی گولڈمیڈل اپنے سینے پر سجایا،اسی سال رشید جونیئر کو حکومت پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا گیا۔ رشید جونیئر دنیا کے ان تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے اولمپکس میں طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے ،ان کے علاوہ یہ اعزاز انڈیا کے پرتھی پال سنگھ اور وکٹر جان پیٹر کو حاصل ہے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.