جوبائیڈن امریکی صدر منتخب

واشنگٹن :  امریکی صدارتی الیکشن کے رزلٹ کااعصاب شکن انتظار ختم،جوبائیڈن 538کے الیکٹورل کالج کی 290سیٹیں جیت کر امریکا کے صدرمنتخب ہو گئے ۔ریپبلکن کو 214 سیٹیں ملیں۔ریاست پنسلوینیا کا رزلٹ آنے پر امریکا کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی صورتحال واضح ہوگئی ۔78سالہ جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر ہونگے اور وہ 20جنوری کو عہدے کا حلف اٹھائیں گے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات میں سوئنگ قراردی جانیوالی 6ریاستوں میں سب سے اہم ریاست پنسلوینیاسے جوبائیڈن کو 33لاکھ 45ہزار 903ووٹ ملے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے مدمقابل سے 34ہزار 558 ووٹ کم ملے جس پر ریاست کی تمام 20الیکٹورل سیٹیں ڈیموکریٹس لے اڑے ۔ریپبلکن ابھی تک 214 سیٹوں سے آگے نہ بڑھ سکی۔ ریاست نیواڈاسے جوبائیڈن کی جیت پر تمام 6الیکٹورل سیٹیں بھی ڈیموکریٹس کو مل گئیں۔آخری خبریں آنے تک ریاست جارجیا،ایریزونااورنارتھ کیرولینا میں ووٹوں کی گنتی جاری تھی، گنتی مکمل ہونے کے بعد جوبائیڈن کی فتح کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا، دیگر ریاستوں میں ٹرمپ کی جیت کے باوجود جوبائیڈن کی برتری پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔جوبائیڈن کو مجموعی طورپر 50.6فیصد (7کروڑ49لاکھ 5ہزار 80)ووٹ ملے ،ٹرمپ کو47.7فیصد(7کروڑ 6لاکھ 10ہزار 986)ووٹ ملے ۔ ریپبلکن ابھی تک 214سیٹوں سے آگے نہ بڑھ سکی۔امریکی الیکشن میں اب تک آنیوالے نتائج کے مطابق الیکشن 2020 میں ٹرن اوور 66.9فیصدر رہا ۔امریکا کے نو منتخب صدر جوبائیڈن نے اپنے ٹویٹرپیغام میں کہا کہ عظیم ملک کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔ آگے ہمیں مشکل چیلنجز درپیش ہیں،جوبائیڈن نے مزید کہا کسی نے مجھے ووٹ دیا یا نہیں دیامیں وعدہ کرتا ہوں سب کا صدر رہوں گا اور قوم کے اعتماد پر پورا اتروں گا۔ڈونلڈ ٹرمپ چھٹے امریکی صدر ہیں جو مسلسل دوسری مدت کیلئے منتخب نہیں ہوسکے ۔جوبائیڈن کے حامی فیصلہ سنتے ہی سڑکوں پر نکل آئے اور جشن منایا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی نتائج تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن جھوٹی فتح کااعلان کررہے ہیں۔انہوں نے آئندہ ہفتے انتخابی نتائج عدالت میں چیلنج کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا سب جانتے ہیں کہ جو بائیڈن اتنا جلدی کیوں اعلان کررہے ہیں ،یہ لوگ سچ کو سامنے نہیں آنے دینا چاہتے ۔ڈیمو کریٹک امیدوار کملا ہیرس نے پہلی امریکی خاتون اور سیاہ فام نائب صدر منتخب ہو کر تاریخ رقم کردی ۔کملا ہیرس امریکا کی 231 سالہ انتخابی تاریخ میں پہلی خاتون نائب صدر ہیں اور وہ اس عہدے پر پہنچنے والی 49 ویں شخصیت ہیں۔میڈیا پر جوبائیڈن کی فتح کے اعلان کیساتھ ہی ملک بھر میں جشن شروع ہوگیا، ڈیموکریٹس کے حامی سفید فام ، سیاہ فام اور ہر نسل و قومیت کے امریکی شہری فرط جذبات میں نعرے لگاتے گھروں سے نکل آئے ۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان ،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ،برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن،کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو،فرانس کے صدر میکخوان اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل سمیت اہم عالمی رہنماؤں نے جوبائیڈن کو صدر اور کملا ہیرس کو امریکا کی نائب صدرمنتخب ہو نے پر مبارکباد دی۔نیٹو کے سربراہ جینزسٹولٹن برگ نے امریکی الیکشن میں شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے جوبائیڈن کو اتحاد کا مضبوط حامی قرار دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.