پاکستانی شاہین آج زمبابوے پر آخری وار کیلئے تیار
راولپنڈی ( اسپورٹس ڈیسک ) تین میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستانی شاہین آج نا تجربے کار زمبا بوے پر آخری وار کیلئے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان کو سیریزمیں دو ،صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل ہے تاہم میزبان کھلاڑی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ گزشتہ میچ کے دوران قومی ٹیم نے مسلسل 13 ویں کامیابی سے نیا ریکارڈ قائم کیا تھا۔اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں زیادہ فتوحات کے ریکارڈ پر افغانستان کا قبضہ تھا۔ کپتان بابراعظم کیلئے بھی یہ مقابلہ خاصا اہم ہے جنہوں نے رواں سال کے اوائل میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نمبرون پوزیشن سے محرومی کا دھچکا برداشت کیا تھا مگر وہ اچھی کارکردگی کی بدولت مختصر فارمیٹ کی اس سیریز میں کلین سوئپ کے ساتھ انگلینڈ کے ڈیوڈ مالان سے ٹاپ پوزیشن چھیننے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ دونوں کھلاڑیوں کے ریٹنگ پوائنٹس میں صرف آٹھ پوائنٹس کا فرق رہ گیا ہے ۔ذرائع کے مطابق آخری میچ کیلئے میزبان ٹیم میں دو ، تین تبدیلیوں کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ محمد حفیظ کی جگہ عبداﷲ شفیق کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے ۔ محمد رضوان کی جگہ روحیل نذیر اور فہیم اشرف کی جگہ عماد وسیم کو میدان پر اتارا جائے تاہم پلیئنگ الیون کا حتمی فیصلہ میچ شروع ہونے سے قبل ٹیم مینجمنٹ کرے گی۔ گزشتہ میچ میں شاندار کارکردگی کی بدولت حارث رؤف، حیدر علی اور عثمان قادر کو ایک مرتبہ پھر مرکز نگاہ سمجھا جارہا ہے تاہم تجربہ کار اوپنر فخر زمان کی فارم تشویش کا باعث بن گئی ہے ۔ وہ اب تک سیریز کے ابتدائی دو میچوں میں پانچ اور 19رنز اسکور کر سکے ہیں۔ذرائع کے مطابق جس وکٹ پر میچ کرایا جائے گا وہ خشک اور سپاٹ ہوگی جہاں پر بالرز اور بیٹسمین فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ پاکستانی ٹیم کیلئے آخری میچ میں ویسلے میدھویرے ، شان ولیمز اور سکندر رضا مشکلات پیدا کرسکتے ہیں جبکہ برینڈن ٹیلر کو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے صرف 99رنز درکار ہیں اور وہ ہملٹن مساکاڈزا کے بعد اپنے ملک کے دوسرے کھلاڑی ہوں گے جو منفرد اعزاز پر فائز ہوں گے ۔