پاکستان میں کبھی ٹیسٹ میچ نہ کھیلنے پر محمد عامر مایوس
لاہور ( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر محمد عامر مایوس ہیں کہ انہیں پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا موقع نہیں ملا۔ ایک انٹرویو میں بائیں بازو کے تیز گیند باز کا کہنا تھا کہ انھیں اب بھی فخر ہے کہ کئی دھچکوں کے باوجود انہوں نے ملک کے لئے 36 ٹیسٹ کھیلے ۔ محمد عامر نے کہا کہ تکلیف ہوتی ہے کہ میں نے اپنے آبائی ملک میں کبھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا لیکن اس کے پیچھے کچھ وجوہات ہیں، جب میں نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلنا شروع کیا تو پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا جارہا تھا اور اس کے بعد میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ ہر ایک کی رائے اور خیالات کا احترام کیا ہے ۔ میرے فیصلے میں خود غرضی نہیں تھی اور کچھ ایسی چیزیں ہوئیں جن کے بارے میں آپ کو ایک اہم فیصلہ کرنے سے پہلے سوچنا پڑتا ہے ،اس وقت میرا بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کا کوئی امکان نہیں ہے لیکن اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو پھر کون جانتا ہے کہ شاید آپ مجھے مستقبل میں ایک بار پھر پاکستان کے لئے کھیلتے ہوئے دیکھیں ۔