وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزراء، مشیر، معاون اور پارلیمانی سیکرٹری نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی کے جوانسال صاحبزادے ثناء اللہ اچکزئی کے ناگہانی انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ثناء اللہ اچکزئی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوسناک اور صدمہ انگیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعلیٰ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، درجات بلند کرے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابلِ تلافی صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقیِ نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بھی ثناء اللہ اچکزئی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اولاد کا بچھڑ جانا والدین کے لیے ناقابلِ تلافی صدمہ ہے۔ انہوں نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی اور صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے بھی اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جوانسال بیٹے کی جدائی انتہائی صدمے کا باعث ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر و حوصلہ عطا کرے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند اور پارلیمانی سیکرٹری برائے محصولات و ٹیکسیشن حاجی محمد خان لہڑی نے بھی ثناء اللہ اچکزئی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کیپٹن (ر) عبدالخالق اچکزئی اور دیگر اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور سوگوار خاندان کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی۔
تمام رہنماؤں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ اسپیکر بلوچستان اسمبلی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔