پاکستان شاہینز کے دو روزہ انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کا آغاز
لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ میں موجود پاکستان شاہینز کے دو روزہ انٹرا سکواڈ پریکٹس میچ کا آغاز کوئنزٹاؤن ایونٹس سنٹر میں ہوگیا۔ پہلے روز اظہرعلی الیون نے 75 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے ، جس میں شان مسعود 65 رنز بنا کر اپنی فارم ثابت کرنے میں کامیاب ہوئے جبکہ عابد علی 36 اور اظہرعلی کو 25 رنز بنانے کا موقع مل سکا۔دن کے اختتام پر حارث سہیل 32 اور فواد عالم 31 رنز پر ناقابل شکست تھے ۔نسیم شاہ،یاسر شاہ اور ظفر گوہر ہی ایک،ایک وکٹ حاصل کرسکے ۔دوسری جانب 18دسمبر سے کیویز کیخلاف شروع ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں میں مصروف سینئر کرکٹرز نے گزشتہ روز فوٹو شوٹ کرایا جبکہ اس سے قبل آپشنل ٹریننگ سیشن میں بھی بیشتر کرکٹرز فعال نظر آئے اور کپتان بابر اعظم نے نیٹ پریکٹس کے دوران نوجوان ساتھیوں کو ہدایات اور مشورے بھی دیئے جبکہ محمد حفیظ بیٹنگ اور عماد وسیم باؤلنگ میں مصروف رہے ۔