کراچی ( اسپورٹس ڈیسک ) سابق قومی وکٹ کیپر راشد لطیف نے پی ایس ایل سیزن پانچ کے پلے آف مرحلے میں گیند کی ساخت اور ڈیو فیکٹر پر مایوسی کااظہار کردیا ۔ یو ٹیوب چینل پر انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کیخلاف ایلی مینٹر میچ میں پشاور زلمی کو کنڈیشنز سے بھی نقصان پہنچا۔ وہاب ریاض کھیل کے اختتامی اوورز میں اچھی بالنگ کرتے ہیں تاہم ٹورنامنٹ کے اہم ترین میچ میں ایسا نہ ہو سکا اور اس کی بنیادی وجہ گراؤنڈ میں رات میں پڑنے والی شبنم تھی جس کے باعث گیند گیلی ہو کر نرم پڑ گئی اور بیٹسمینوں کو بالرز کا سامنا کرنے میں زیادہ پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ راشد لطیف کا کہنا تھا کہ و ہاب ریاض ایک ایسے بالر ہیں جو کہ مکمل رفتار کے ساتھ ان سوئنگ پر مہارت رکھتے ہیں اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے وکٹ پر آگے کی جانب گیندیں کراتے ہیں تاہم گزشتہ میچ کے دوران اختتامی اوورز میں اوس کی وجہ سے وہ شارٹ بالز کراتے نظر آئے ۔اگر گیند گیلی ہو جائے تو ریورس سوئنگ کرنا مشکل ہو جاتا ہے اور ہدف کے دفاع میں یہی مسئلہ پشاور زلمی کے بالرزکے ساتھ پیش آیا ۔ کھیل کے دوران کمنٹیٹر ز کو گیند کی کنڈیشن کی نشاندہی کرنا چاہئے تھی تاہم ایسا نہیں کیاگیا ۔راشد لطیف نے ثاقب محمود کی ابتدائی اور اختتامی اوورز میں بالنگ پر کہا کہ انگلش فاسٹ بالر نے نئی گیند سے تین وکٹیں حاصل کیں بعد میں ان کی لینتھ وہی رہی مگر گیند میں اچھال نہیں رہا جس کی وجہ سے محمد حفیظ کیلئے بیٹنگ آسان ہوگئی ۔ سمت پٹیل اور بین ڈنک بھی شار ٹ بال کو اچھا کھیلتے ہیں تاہم اس میچ میں محمد حفیظ واضح فر ق ثابت ہوئے جنہوں نے شاندار بیٹنگ سے پشاور زلمی کو ٹرافی کی دوڑ سے باہر کر دیا۔