پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہاہے کہ رمضان المبارک کی آمد رحمت، برکت اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتی ہے۔ اس مقدس مہینے میں صاحبِ حیثیت افراد، تاجر برادری اور مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ غریب اور متوسط طبقات کا خصوصی خیال رکھیں، اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری سے گریز کیاجائے۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔جمال شاہ کاکڑ نے کہاکہ رمضان المبارک کی آمد رحمت، برکت اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتی ہے، اس مقدس مہینے میں صاحبِ حیثیت افراد، تاجر برادری اور مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ غریب اور متوسط طبقات کا خصوصی خیال رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی دبا کے باعث کم آمدن طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے، ایسے میں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومت کو چاہیے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے موثر اقدامات کرے اور بازاروں میں نگرانی کا نظام سخت بنائے۔جمال شاہ کاکڑ نے مخیر حضرات، سماجی تنظیموں اور پارٹی کارکنان پر زور دیا کہ وہ راشن پیکجز، سستے بازاروں اور افطار دسترخوان کے قیام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کوئی بھی مستحق خاندان سحری و افطار میں محرومی کا شکار نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ رمضان ہمیں صبر، ایثار اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم عملی طور پر ان اقدار کو فروغ دیں اور معاشرے کے کمزور طبقات کا سہارا بنیں۔