لیاقت بازار حلیم پلازہ میں لگنے والی آگ کے باعث تاجروں کے کروڑوں مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا،مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان

مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ لیاقت بازار حلیم پلازہ میں لگنے والی آگ کے باعث تاجروں کے کروڑوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا جس سے درجنوں خاندانوں کا روزگار شدید متاثر ہوا ہے، یہ واقعہ نہ صرف تاجروں بلکہ پورے شہر کے لیے ایک بڑا سانحہ ہے کیونکہ متاثرہ دکانداروں نے سالوں کی محنت سے اپنا کاروبار کھڑا کیا تھا جو چند گھنٹوں میں ختم ہو گیا، یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعے کے بعد متاثرہ تاجروں کو فوری طور پر کسی قسم کی حکومتی مدد یا ریلیف کا اعلان نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے، موجودہ معاشی حالات میں تاجر پہلے ہی مہنگائی، ٹیکسوں اور کاروباری جمود کا شکار ہیں ایسے میں اس طرح کے حادثات تاجروں کو مکمل طور پر دیوالیہ کر دیتے ہیں۔

کاشف حیدری نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر حلیم پلازہ میں آگ سے متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا شفاف تخمینہ لگائے اور بلا تاخیر مالی امداد اور پیکج کا اعلان کرے تاکہ تاجر دوبارہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے کے عمل اور صورتحال پر بھی سنجیدہ جائزہ لینے کی ضرورت ہے تاکہ آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں، مارکیٹوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات کو یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے۔ مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان متاثرہ تاجروں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کے حق کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی، اگر متاثرہ تاجروں کو تنہا چھوڑا گیا تو تاجر برادری احتجاج کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.