وراثتی سرٹیفکیٹ اب صرف چند دنوں میں حاصل کیا جا سکتا ہے: ڈاکٹر محمد فروغ نسیم

وراثتی سرٹیفکیٹ اب صرف چند دنوں میں حاصل کیا جا سکتا ہے ،کسی کو خواتین کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،وفاقی وزیر  قانون  بیرسٹر  فروغ نسیم
وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ وراثتی سرٹیفکیٹ اب صرف چند دنوں میں حاصل کیا جا سکتا ہے جہاں کئی کئی سال لگ جاتے تھے،کسی کو خواتین کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو کریمنل لا اور سول لا کو نافذ کرنے کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اس حوالے سے اجلاس مسلسل تیسرے ہفتے منعقد ہوا۔اجلاس میں تمام صوبوں میں قانون سازی اور اس کے نفاذ کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پنجاب کے وزیر قانون، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لا ڈیپارٹمنٹ کے اعلی افسران نے شرکت کی، اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ علی بخاری اور وزارت قانون کے دیگر افسران بھی شریک ہوئے ۔وفاقی وزیر بیرسٹر فروغ نسیم نے صوبوں میں سول پروسیجر کورٹ کو نافذ کرنے کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے دریافت کیا۔ڈاکٹر فروغ نسیم نے کہا کہ   یہی وہ نیا پاکستان ہے جہاں وراثتی سرٹیفکیٹ کو حاصل کرنا آسان اور تیز ترین بنا دیا گیا ہے،وراثتی سرٹیفکیٹ اب صرف چند دنوں میں حاصل کیا جا سکتا ہے جہاں کئی کئی سال لگ جاتے تھے۔انہوں نے کہاکہ وکلا نے اس قانون کی مخالفت کی لیکن ہم نے اس قانون سازی پر کام جاری رکھا، وفاقی وزیر نے اگلے اجلاس میں وراثتی سرٹیفکیٹ کے حوالے سے تمام صوبوں کو اعداد و شمار پیش کرنے کی ہدایات جاری کیں۔وفاقی وزیر نے خواتین کے وراثتی حقوق کی قانون سازی کے حوالے سے بلوچستان کے نمائندے سے پیشرفت کے حوالے سے دریافت کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اپنے معاشرے کو مزید بہتری کی طرف لے کر جانا ہے جہاں کوئی کسی کا حق نہ مار سکے، خواتین کو ان کا پورا حق ملنا چاہیے اس حوالے سے قانون سازی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو خواتین کا حق مارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تمام صوبے اس حوالے سے قانون سازی اور اس کے نفاذ کو یقینی بنائیں، ہمارا دین بھی خواتین کو ان کے مکمل حقوق فراہم کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔
Leave A Reply

Your email address will not be published.