ملک کے حالات تشویش ناک،جن کا احترام پورے ملک پر لازم ہے وہ بھی سوالیہ نشان بنتے جارہے ہیں‘ شیخ رشید

قوم میری بات یاد رکھے، عمران خان کی اسلام آباد کے لیے کال دنیا کو حیران کر دے گی
ایسا زناٹے کا رن پڑے گا کہ موجودہ حکومت کی عمر پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم ہوگی،سابق وزیر داخلہ

اسلام آبا د:سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملک کے سیاسی حالات کو گمبھیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے حالات اتنے پریشان کْن ہوگئے ہیں کہ جن کا احترام پورے ملک پر لازم ہے وہ بھی سوالیہ نشان بنتے جارہے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک کے حالات تشویش ناک، پریشان کْن اور گمبھیر ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے حکومتی عہدیداروں پر تنقید کی اور کہا کہ جن لوگوں کو جیلوں میں ہونا چاہیے انہیں اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پریشان کن بات یہ ہے جن کا احترام پورے ملک پر لازم ہے وہ بھی سوالیہ نشان بنتے جارہے ہیں۔سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سامراج کے ایجنٹوں نے اپنے مفاد کے لیے گندی نالی کے ایجنٹوں کو تاج محل میں سجا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم میری بات یاد رکھے، عمران خان کی اسلام آباد کے لیے کال دنیا کو حیران کر دے گی اور ایسا زناٹے کا رن پڑے گا کہ موجودہ حکومت کی عمر پاکستان کی تاریخ میں سب سے کم ہوگی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.