وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ میں سیکورٹی فورسز کی کامیاب انٹیلی جنس بنیاد پر کارروائی کو سراہتے ہوئے دہشتگردوں کے خلاف بر وقت اور فیصلہ کن اقدام پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے ،یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد گروہ ‘فتنہ الہندستان’ جیسے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور سیکورٹی فورسز اس مقصد کے لیے ہر قیمت چکا رہی ہیں ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مادر وطن کے دفاع میں جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر افسر میجر ضیاد سلیم اول اور سپاہی نظم حسین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ “میجر ضیاد سلیم اول جیسے دلیر افسران قوم کا فخر ہیں جنہوں نے فرنٹ لائن پر دشمن کا سامنا کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کی بہادری نئی نسل کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین پر بھارتی ایما پر پھیلائی جانے والی بدامنی اور دہشت گردی کے خلاف ہماری پالیسی بالکل واضح ہے ایسا ہر فرد یا گروہ جو دشمن کے ایجنڈے کا حصہ ہوگا اسے ریاستی طاقت سے کچلا جائے گا۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ہم اپنے شہداء کے خون کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے ان کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو بلند کرتی ہیں اور دشمن کو یہ پیغام دیتی ہیں کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے سامنے جھکنے والا نہیں۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مستونگ اور گرد و نواح میں جاری سینیٹائزیشن آپریشن میں ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر دہشتگردی سے پاک کیا جا سکے انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔