مقبوضہ علاقے میں بگڑتی ہوئی صورتحال خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے:ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد /سری نگر: پاکستان نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بگڑتی ہوئی صورتحال خطے میں امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی مذمت کرتے ہیں ، گزشتہ 2 ماہ میں بھارتی قابض افواج نے 35 کشمیریوں کو شہید کیا ، سری نگر میں 24 نومبر کو جعلی مقابلے میں 3 کشمیریوں کو شہید کیاگیا۔بھارتی قابض افواج کشمیریوں کے خلاف سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی قابض افواج کی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کیثبوت فراہم کیے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارت کو جوابدہ بنائے۔خیال رہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر مقبوضہ جموں کشمیر میں جمعرات کے روز مکمل ہڑتال کی گئی ۔ مقبوضہ وادی میں جمعرات کے روز دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہیں ۔ذرائع کے مطابق حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کشمیری عوام سے اپیل کی کہ وہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جعلی مقابلوں میں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات کے خلاف احتجاج کریں۔واضح رہے کہ مقبوضہ وادی پر قابض بھارتی فوجیوں نے گزشتہ روز سرینگر کے علاقے رام باغ میں تین شہریوں اور15 نومبر کو حیدر پورہ میں ایک جعلی مقابلے میں چار افراد کو شہید کر دیاتھا