راولپنڈی: پاکستان اور زمبابوے کے مابین آج تیسرا اور آخری ون ڈے کھیلا جا رہا ہے، ٹاس کی جیت مہمان ٹیم کے حصے میں آئی جس کے بعد زیمبینز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری معرکہ سج گیا، قومی ٹیم 4 تبدیلیوں کے ساتھ اِن ایکشن ہو رہی ہے، عابد علی، عماد وسیم، وہاب ریاض اور فخر زمان کی جگہ ظفر گوہر، عبداللہ شفیق، خوشدل شاہ اور محمد حسنین کو ٹیم میں نمائندگی دی گئی ہے۔ دونوں ٹیمیں بھرپور پرفارمنس دکھانے کیلئے میدان میں اتری ہیں۔ کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میچ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم نے مسلسل فتوحات کے بعد سیریز پہلے ہی اپنے نام کر لی ہے، اپنی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ کے کم بیک کو وائٹ واش سے یادگار بنانے، آئی سی سی رینکنگ میں ریٹنگ پوائنٹ حاصل کرنے کے لیے پرجوش کپتان بابر اعظم کا مرد میدان افتخار احمد سمیت کھلاڑیوں پر مان بڑھ گیا ہے۔
دوسری جانب مہمان زیمبین کی بھی جیت پر نظریں ہیں، ون ڈے سیریز کا اختتام کامیابی پر کرنے کے دعوے سے کرکٹ دیوانوں کی دلچسپی بڑھ گئی۔