قائد اعظم ٹرافی:سندھ کو ناردرن کیخلاف مشکلات درپیش

کراچی( اسپورٹس رپورٹر)  قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے دوسرے روز یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر سندھ کی ٹیم ناردرن ریجن کے پہلی اننگز کے اسکور 328 رنز کے جواب میں 217 رنز بنا سکی۔شرجیل خان 48،فواد عالم 39 اور اسد شفیق 35 رنز کا اضافہ کر سکے ۔نعمان علی نے پانچ اور وقاص احمد نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ناردرن ریجن نے دن کے اختتام تک تین وکٹوں پر 45 رنز بنا کر 156رنز کی برتری حاصل کرلی تھی۔این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر سدرن پنجاب نے چھ وکٹوں پر 257 رنز بنا ڈالے جس میں کپتان حسین طلعت نے 131رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد عرفان 71 پر ناقابل شکست ہیں،خالد عثمان اور ساجد خان نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل خیبر پختونخوا نے محمد عباس کی چھ اور زاہد محمود کی دو وکٹوں کے باوجود 304 رنز بنا ڈالے تھے ۔نیشنل اسٹیڈیم پر سینٹرل پنجاب نے دن کے اختتام تک چھ وکٹوں پر 204 رنز بنائے ۔کپتان اظہرعلی 63 اور عثمان صلاح الدین 44 رنز کا اضافہ کرسکے ،تاج ولی اور عماد بٹ نے دو،دو وکٹوں کا بٹوارا کیا۔اس سے قبل بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں 306 رنز بنائے جس میں تیمورعلی کے 63 اور کاشف بھٹی کے ناقابل شکست 51 رنز نمایاں تھے ۔وقاص مقصود،بلاول اقبال اور احمد صفی عبداللہ نے تین،تین کھلاڑیوں کو برخاست کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.