دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔
افغانستان کی اننگز
افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز جارح مزاج جوڑی حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔
میچ کے دوسرے اوور میں حضرت اللہ زازئی عماد وسیم کی گیند پر بڑی شاٹ مارتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ افغانستان کو دوسرا نقصان بھی جلد پہنچ گیا جب کہ شہزاد شاہین کو بڑی ہٹ مارتے ہوئے بابر کو کیچ تھما بیٹھے۔
اس موقع پر اصغر افغان اور رحمان اللہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے عماد وسیم کو دو چھکے رسید کیئے، پاکستان کو رحمان اللہ کی وکٹ لینے کا بہترین موقع ملا تاہم عماد نے وہ چانس ضائع کر دیا۔
بابراعظم نے اصغر اور رحمان کی شراکت داری توڑنے کے لیے حارث روف کو گیند تھمائی، انہوں نے پاکستانی کپتان کا فیصلہ درست ثابت کیا اور اصغر افغان کو آؤٹ کر دیا۔ رحمان بھی جلد ہی حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
افغانستان کی پانچویں وکٹ 64 رنز گری جب کریم جنت 15 رنزبنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، فخر زمان نے ان کا کیچ پکڑا۔
پاکستان نے لڑکھڑاتی افغانستان کی بیٹنگ پر دباؤ بنائے رکھا، پہلے شاداب اور حسن کے اوور میں صرف دو رنز پڑے۔ اس دباو کا پاکستان کو جلد ہی فائدہ ہو گیا۔ نجیب اللہ شاداب کی گیند پر رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔
اس موقع پر افغانستان کے کپتان محمد نبی نے گلبدین نائب کے ساتھ 76 رنز کی ایک شاندار شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے۔
محمد نبی اور گلبدین نے بالترتیب 35،35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی بہت مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 38 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس
افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا.
بابراعظم نے ٹاس کے بعد کہا کہ دو فتوحات کے بعد ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
افغانستان کے کپتان محمد نبی نے کہا کہ پچ خشک لگ رہی ہے جو پہلے بیٹنگ کے لیے سازگار رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
ٹیم

پاکستان بمقابلہ افغانستان! کس کا پلڑا بھاری؟
پاکستان اورافغانستان اب تک صرف ایک ٹی20 میچ میں آمنے سامنے آئے ہیں۔
2013 میں شارجہ میں کھیلے جانے والے واحد میچ میں قومی ٹیم فاتح ٹھہری۔ پاکستان نے دلچسپ میچ کے بعد افغانستان کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ورلڈ کپ 2019 میں دونوں ٹیموں کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا، جس میں پاکستان نے تین وکٹ سے فتح حاصل کی تھی۔
اس سے قبل افغانستان کے سپنرز نے شارجہ کے میدان میں سکاٹ لینڈ کو صرف 60 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات روشن ہیں۔