ویمنز ورلڈ کپ، آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

ویلنگٹن:آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے اہم میچ میں آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو 7 وکٹوں سے ہرا کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کر لی۔ منگل کو ویلنگٹن میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے 14 ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 45.5 اوورز میں 131 رنز بناکر آئوٹ ہو گئی، کپتان سٹیفنی ٹیلر 50 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہیں، آسٹریلیا ویمنز کی جانب سے ایلیز پیری اور ایشلی گارڈنر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں آسٹریلیا نے مطلوبہ ہدف 30.2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، ریچل ہینز نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بیتھ مونی 28 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر ہیں۔ ایلیز پیری کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ واضح رہے کہ یہ آسٹریلیا کی میگا ایونٹ میں مسلسل چوتھی فتح ہے اور وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر براجمان ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.