لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے شرکاء کی تعداد کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے خفیہ اداروں کی رائے میں تضاد پایا گیا ہے۔ جمعہ کے روز لیبرٹی چوک گلبرگ سے لانگ مارچ کی روانگی کے حوالے سے پنجاب حکومت کے خفیہ اداروں کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لانگ مارچ کے آغاز کے وقت مارچ میں 9 سے 10 ہزار افراد شامل تھے جبکہ وفاقی حکومت کے اداروں کی رپورٹ میں لانگ مارچ کے شرکاء کی تعداد 5 سے 6 ہزار بتائی گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق لانگ مارچ میں 22 ویگنیں، 3 مزدا ٹرک، 34لینڈ کروزر، 4 بسیں 19 کوچیز، 3 ٹریکٹر، 66 کاریں، 6 ٹرالے اور 20 ڈبل کیبن ڈالے شامل تھے جبکہ لانگ مارچ کی لمبائی صرف ڈیڑھ کلو میٹر علاقے پر محیط تھی