بلوچستان میں صنعتی سرمایہ کاری، زرعی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن، فوڈ پراسیسنگروشَن پیکیجز لمیٹڈ اوربلوچستان سرمایہ کاری بورڈکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بلوچستان میں صنعتی سرمایہ کاری، زرعی پیداوار میں ویلیو ایڈیشن، فوڈ پراسیسنگ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر روشَن پیکیجز لمیٹڈ (RPL) اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ مفاہمتی یادداشت پر روشَن پیکیجز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو طیب اعجاز اور بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالمنان نے دستخط کیے۔تقریب میں بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلا ل خان کاکڑ، یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم تنویر، ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجازاور دیگر بھی موجود تھے، مفاہمتی یادداشت کے تحت روشَن پیکیجز لمیٹڈ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیتے ہوئے دو مرحلوں میں صنعتی منصوبوں کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے۔ پہلے مرحلے میں پیکیجنگ مصنوعات تیار کرنے کا کارخانہ قائم کرنے کی تجویز ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں پھلوں اور سبزیوں کی پراسیسنگ کا پلانٹ لگانے کا منصوبہ شامل ہے جبکہ بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ سرمایہ کار کمپنی کو متعلقہ صوبائی محکموں اور مجاز اداروں کے ساتھ رابطہ کاری، رہنمائی اور سرمایہ کاری کے عمل میں سہولت فراہم کرے گا۔ اس تعاون کے ذریعے مجوزہ منصوبوں پر پیش رفت کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطوں کو مؤثر بنانے کی کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں صنعتی سرمایہ کاری کا فروغ، مقامی وسائل کی مؤثر استعمال کاری اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنا وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی کے وژن کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روشَن پیکیجز لمیٹڈ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت صوبے میں صنعتی ترقی اور زرعی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن کے نئے امکانات پیدا کرنے کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔بلال خان کاکڑ نے کہا کہ مقامی زرعی پیداوار کو جدید پراسیسنگ اور معیاری پیکیجنگ کی سہولیات سے منسلک کرکے نہ صرف مصنوعات کی قدر میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ مقامی کاروبار، صنعتوں اور روزگار کے مواقع کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.