حسن علی کی بی کیٹیگری میں تنزلی کا امکان،سرفراز احمد کو شاید معاہدہ نہ ملے، شان مسعود، حیدر علی بھی نظر انداز ہوسکتے ہیں،عمران بٹ اور یاسر شاہ کی چھٹی متوقع، وسیم جونیئر، خوشدل شاہ، محمد حارث کو سینٹرل کنٹریکٹ ملنیکا امکان
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 2022-23ء کے سنٹرل کنٹریکٹس کی فہرست پر بات چیت شروع کر دی ہے۔ توقع ہے کہ فہرست میں کچھ بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی جس کے ساتھ کئی سٹار کھلاڑی معاہدے سے محروم ہوجائیں گے۔ موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کا معاہدہ 30 جون کو ختم ہونے والا ہے اور پی سی بی کی جانب سے نئی فہرست کا اعلان یکم جولائی کو متوقع ہے۔سمجھا جارہا ہے کہ اس معاملے پر تفصیلی ملاقاتیں عید الفطر کے بعد شروع ہوں گی۔ پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ کو چار کیٹیگریز A، B، C اور ایمرجنگ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کے معاہدوں کے مطابق اے کیٹیگری میں سٹار کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین آفریدی، محمد رضوان اور حسن علی کے ساتھ 20 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی گئی تھی جبکہ عمران بٹ اور شاہنواز ڈہانی جیسے کھلاڑیوں کو ایمرجنگ کیٹیگری میں پہلا سینٹرل کنٹریکٹ ملا تھا۔ذرائع کے مطابق اس بار نئے چہروں کو سینٹرل کنٹریکٹ کی پیشکش کی جائے گی جب کہ فہرست سے کچھ بڑے ناموں کے غائب ہونے کا امکان ہے۔ توقع ہے کہ جن کھلاڑیوں نے بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انہیں ان کی کارکردگی کا صلہ دیا جائیگا۔ محمد وسیم جونیئر، خوشدل شاہ، اور محمد حارث وہ تین نوجوان کرکٹرز ہیں جن کے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل کیے جانیکا امکان ہے جبکہ عمران بٹ اور یاسر شاہ جیسے کھلاڑیوں کی کمی کا امکان ہے۔فہیم اشرف بھی ٹیسٹ ٹیم میں ریگولر ہونے کے باوجود سینٹرل کنٹریکٹ سے باہر ہونے کے لیے تیار ہیں۔ پاکستان کے دائیں ہاتھ کے تیز گیند باز حسن علی کو اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی کا امکان ہے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کو شاید اس بار معاہدہ نہ ملے۔ شان مسعود اور حیدر علی کو بھی نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔