ضلعی خزانہ افسر گوادر سوبان بلوچ نے تمام ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت سرکاری ملازمین کے کوائف پر مشتمل تصدیق شدہ فہرست 15 اکتوبر 2026 سے قبل ضلعی خزانہ دفتر میں جمع کرائیں۔
ضلعی خزانہ افسر کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق اس اقدام کا مقصد تنخواہوں کی ادائیگی کے نظام میں شفافیت یقینی بنانا، غیر تصدیق شدہ ادائیگیوں کی روک تھام اور سرکاری مالیاتی قواعد پر عمل درآمد ہے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ فہرست میں ہر ملازم کا نام، عہدہ، جائے تعیناتی اور ملازمت کی موجودہ حیثیت واضح طور پر درج کی جائے اور تمام معلومات سرکاری ریکارڈ کے مطابق درست اور مکمل ہوں۔
ضلعی خزانہ افسر نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں جن ملازمین کے کوائف کی تصدیق شدہ فہرست موصول نہیں ہوگی، ان کی تنخواہیں تحریری تصدیق ملنے تک جاری نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران پر زور دیا کہ وہ مقررہ تاریخ سے پہلے ریکارڈ جمع کرا کے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔