اسلام آباد:
ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس( ایف اے ٹی ایف) کی جانب سے پاکستان کو 27 نکات پر عمل درآمد کرنا تھا جس میں سے پاکستان کی جانب سے ایک پرعمل درآمد باقی رہ گیا تھا، تاہم ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو ایک بار پھر گرے لسٹ میں برقرا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیٹف نے پاکستان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایکشن پلان پر عملدرآمد کررہا ہے، تاہم اسے آئندہ چار ماہ تک گرے لسٹ میں برقرار رکھا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان 27 میں 26 پوائنٹس پر عمل درآمد کر چکا ہے، لیکن فیٹف نے پاکستان سے منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ پر ملزمان کو عبرت ناک سزائیں دینے کامطالبہ کیا ہے۔ اور منی لانڈرنگ اور ٹیررفنانسنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرکے شواہد فراہم کرنے کامطالبہ کیا گیا ہے۔
ایف اے ٹی ایف کی سفارشات کا ایک حصہ قانون سازی اور اس پر عمل درآمد پر مشتمل ہے جس کےلیے پاکستان نے پچھلے ایک سال میں 14 قانونی نکات پرکام کرلیا ہے، اسی طرح کسٹمز، منی لانڈرنگ و ٹیررازم فنانسنگ سے متعلق ایف اے ٹی ایف کی شرائط پوری کی گئی ہیں