واشنگٹن: مریکی ریاست لوزیانا کے شہر نیواورلینز کے قریب ڈیزل ایندھن کی پائپ لائن پھٹنے سے دو مصنوعی تالابوں میں پھیل گیا جس کے نیتجے میں مچھلیاں، پرندے اور دیگر جانور ہلاک ہو گئے ہیں ۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاستی اور مقامی حکام نے بتایا کہ نیواورلینز کے مشرق میں سینٹ برنارڈ پیرش میں ایک لیوی کے قریب کولنز پائپ لائن کمپنی کی طرف سے چلائی جانے والی16 انچ قطرکی ڈیزل ایندھن پائپ لائن خستہ حالی کے باعث پھٹ گئی جس سے3 لاکھ گیلن ڈیزل دو مصنوعی تالابوں میں پھیل گیا جس سے ہزاروں مچھلیاں، پرندے اور دیگر جانور ہلاک ہو گئے ہیں ۔ لوزیانا ڈیپارٹمنٹ آف انوائرمینٹل کوالٹی کے ترجمان گریگوری لینگلی نے بتایا کہ زیادہ تر ایندھن جو تالابوں میں بہہ گیا تھا کو نکال لیا گیاہے جبکہ باقی رہا جانے والیایندھن کوبھی جلد ہی نکال لیا جائے گا۔ لوزیانا ڈیپارٹمنٹ آف وائلڈ لائف اینڈ فشریز کے ترجمان رابرٹ ٹری آئلس کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق2,300 مچھلیاں اور 100 سے زیادہ دوسرے جانور ہلاک ہوئے ہیں جن میں 39 سانپ، 32 پرندے اور چند اییل اور ایک نیلا کیکڑا شامل ہے جبکہ بحالی تک تقریبا 130 جانور ، 72 مگرمچھ، 23 پرندے، 20 سانپ اور 12 کچھوے پکڑے گئے ہیں۔