کراچی: پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹمز کی مشترکہ کارروائی،6 ارب 25 کروڑ روپے مالیت کی منشیات قبضے میں لے لی۔
پی ایم ایس اے ہیڈ کواٹرز میں ڈپٹی ڈی جی پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی شاہد جلیل اور ایڈیشنل کلکٹر کسٹم پری وینٹیو ہنوک بلوچ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ دونوں اداروں کی جانب سے مشترکہ انٹیلی جنس پر مبنی انسداد منشیات کے آپریشن میں منشیات کی اسمگلنگ کو روکا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران شمالی بحیرہ عرب میں 5 غیر ملکی اور 2 دہری شہریت رکھنے والے 7 اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا،غیرملکی کشتی سے625 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی، منشیات کی بین الاقوامی منڈی میں مالیت کا تخمینہ 625 کروڑ روپے ہے۔
شاہد جلیل اور ہنوک بلوچ کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹمز کی جانب سے کامیاب آپریشن جس کے نتیجے میں منشیات کی ضبطگی ہوئی ہے، اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم کسی بھی غیر قانونی کام/ مقاصد کے لیے پاکستانی پانیوں کے استعمال کو روکنے کے لیے چوکس اور پرعزم ہیں، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی سمندر میں امن و امان قائم کرنے کے لیے اپنی قومی ذمے داریوں کو نبھاتی رہے گی۔