دکی بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی خاتون سمیت دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی خاتون تاحال لاپتہ
دکی:ملک بھر کی طرح دکی میں بھی فری مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔منگل کی شب سے شروع ہونے والے بارش کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری ہے۔دکی کے مختلف علاقوں دکی شہر جنگل،بنی کوث اسمعیل شہر ناناصاحب زیارت لونی اور ہوسڑی سمیت دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔بارش کی وجہ سے ملا عبداللہ ندی تھل ندی نڑیسی ندی مانزئی ندی اور دیگر ندی نالوں میں سیلابی ریلے آگئے ہیں لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ شدید ژالہ باری بھی ہوئی ہے جسکی وجہ سے زمینداروں کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔جبکہ زرعی زمینوں پر نصب شمسی سولر پلیٹیں بھی ژالہ باری کی وجہ سے ٹوٹ گئی ہیں اور انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔سیلابی ریلے میں خاتون سمیت دو افراد بہہ گئے ایک شخص کی لاش نکال لی گئی۔دکی کے سب ڈیوژن تھل چوٹیالی کے علاقے ہوسڑی میں ندی میں سیلابی ریلے میں بہہ کر ایک شخص جانبحق ہوگیا۔ سیلابی ریلے میں بہہ کر جان بحق ہونے والے شخص کی شناخت طوطی ولد سیدو قوم مری کے نام سے ہوئی ہے۔ جسکی لاش مقامی افراد نے اپنی مدد اپ کے تحت سیلابی ریلے سے نکال لی۔ترکھان چینہ میں خان محمد نامی شخص کی اہلیہ بی بی ریدی گلہ ترکھان چینہ کے ندی میں سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔پولیس کے مطابق خاتون ندی میں لکڑی جمع کررہی تھی کہ اچانک آنے والے سیلابی ریلے میں بہہ گئی مقام لوگ اپنی مدد آپکے تحت خاتون کو تلاش کررہے ہیں تاحال خاتون سیلابی ریلے میں لاپتہ ہے۔ڈپٹی کمشنر دکی عظیم کاکڑ کے مطابق خاتون کی تلاش کے لئے پولیس اور لیویز کی نفری کام کررہی ہے مقامی لوگ بھی سرچ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ندی میں طغیانی کی وجہ سے ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ نے نے حالیہ مون سون بارشوں کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کرلیا گیا ہے کنٹرول روم چوبیس گھنٹے کام کریگا ڈپٹی کمشنر عظیم کاکڑ کے مطابق عوام کسی بھی ناگہانی صورت میں کنٹرول روم نمبر 0824666106 پر رابطہ کریں۔