وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات،میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے منظر نامے پر توجہ مرکوز

:وزیر مملکت اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون سے جمہوریہ تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف تویر نے ڈپٹی ہیڈ آف مشن سیدجون شفیع کے ہمراہ پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے منظر نامے پر توجہ مرکوز کی گئی اور ان شعبوں میں مواقع اور چیلنجز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت میں ڈیجیٹل میڈیا کے علاوہ کاروباری اور ثقافتی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں کا بھی احاطہ کیا گیا۔

دونوں فریقوں نے ان شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیر مملکت/وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ڈیجیٹل میڈیا فہد ہارون نے عوامی گفتگو کی تشکیل میں ڈیجیٹل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر روشنی ڈالی اور غلط معلومات سے نمٹنے اور ڈیجیٹل تقسیم کو کم کرنے سمیت ڈیجیٹل مسائل پر عالمی شراکت داروں کے ساتھ مشغول ہونے کے لیے پاکستان کی کوششوں کا خاکہ پیش کیا۔ دونوں فریقوں نے طویل مدتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ڈیجیٹل میڈیا،

کاروبار اور ثقافت کے شعبوں میں گہرے تعاون کے امکانات پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے بعد فہد ہارون نے کہاکہ میں جمہوریہ تاجکستان کے ساتھ مسلسل روابط اور ڈیجیٹل میڈیا اور دیگر شعبوں میں تعاون کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کا منتظر ہوں۔ملاقات کا اختتام دونوں فریقین کی جانب سے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کے ساتھ ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.