:وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم (سارک) کے وفد نے ملاقات کی۔ جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں علاقائی تجارت کے فروغ اور معاشی انضمام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں جام کمال نے پاکستان کے علاقائی تعاون میں کلیدی کردار پر زور دیا ۔ وزیرتجارت نے پاکستان کو وسطی ایشیا کے لئے گیٹ وے قرار دیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان براہ راست پروازوں کی بحالی پر زور دیا ۔
وفد میں شامل بنگلہ دیشی اراکین نے پاکستانی فیشن اور زیورات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ وزیر تجارت نے بنگلہ دیشی اراکین کو لاہور کے فیشن انسٹیٹیوٹ کے دورے کی دعوت بھی دی ۔بنگلہ دیش کی جانب سے پاکستانی غذائی اشیاء، خاص طور پر پیاز اور آلو کی درآمد میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ۔وفد میں شامل نیپالی ارکان نے پاکستانی زرعی مصنوعات کی درآمد میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ویزا پالیسی میں نرمی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔جام کمال نے سارک کے وفد کو نجی شعبے کے درمیان کاروباری تعلقات مضبوط بنانے کے لئے بی ٹو بی ملاقاتوں کی تجویز پیش کی۔