:وفاقی وزیرمواصلات و نجکاری و سرمایہ کاری بورڈ عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے مابین دیرینہ تعلقات سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کی بنیاد ہیں ،مشترکہ تاریخ،مذہب اور تہذیب دونوں ممالک کے تعلقات کو ترویج دینے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کستافین سے ملاقات کے دوران کیا۔ وزارت نجکاری کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور قازقستان کے سفیر یرژان کستافین دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور قازقستان کے درمیان سرمایہ کاری
تجارت اور راہداری کے فروغ کے امور کا جائزہ بھی لیا۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تاریخ،مذہب اور تہذیب دونوں ممالک کے تعلقات کو ترویج دینے میں کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین دیرینہ تعلقات سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کی بنیاد ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ پاکستان مدبرانہ حکمت عملی کی وجہ سے بحرانی معاشی صورتحال پر قابو پاچکاہے، معیشت میں بہتری کے لئے غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو سپورٹ کرنے کیلئے پاکستان بہتر سے بہتر روڈ انفراسٹرکچر کا خواہاں ہے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ شاہراہوں کی وسعت سے وسطی ایشیائی ممالک کی پاکستانی معاشی مراکز تک رسائی بہتر ہوگی
پاکستان کی بندرگارہوں تک بھی سنٹرل ایشیاء کے ممالک کی رسائی بہتر ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کی صنعتی مصنوعات وسط ایشیا ء کے ممالک کیلئے بہترین آپشن ہیں، صنعتی مصنوعات کے فروغ کیلئے پاکستان کو ملک کے اندر اور باہر ڈسپلے سنٹرز بنائے جائیں گے ، ڈسپلے سنٹر سے ایک ہی چھت کے نیچے صنعتی مصنوعات ملکی اور غیر ملکی بزنس کمیونٹی کو دستیاب ہوں گی۔ قازقستان کے سفیر یرژان کستافین نے کہا کہ پاکستان سے بہترین تجارتی اور راہداری تعلقات قازقستان کے اپنے مفاد میں ہیں۔