پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج -نسٹ میں 36ویں کانووکیشن کا انعقاد،چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت

:پاکستان نیوی انجینئرنگ کالج (پی این ای سی) کے 36ویں کانووکیشن کی تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ کمانڈر کراچی وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی اور ریکٹر نسٹ لیفٹیننٹ جنرل ڈاکٹر محمد زاہد لطیف مرزا(ریٹائرڈ) بھی اس موقع پر موجود تھے۔پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تقریب کے دوران چیف آف دی نیول اسٹاف نے 33 نمایاں پوزیشن ہولڈرز کو میڈلز سے نوازا۔ مزید برآں، ریکٹر نسٹ نے 372 پوسٹ گریجویٹ اور انڈر گریجویٹ طلباء کو ڈگریاں تفویض کیں۔

اپنے خطاب میں مہمانِ خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ پی این ای سی نے مسلسل ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کےمضبوط کلچر کو فروغ دیاہے۔ انہوں نے پی این ای سی کی جانب سے پوسٹ گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ سطح پر آرٹیفیشل انٹیلیجنس، ڈیٹا سائنسز اور کمپیوٹر سائنس ڈسپلنز کے آغاز کو سراہا۔ انہوں نے ریکٹر نسٹ اور کمانڈنٹ پی این ای سی کو بی ای نیول آرکیٹیکچر بیچ کی افتتاحی گریجویشن پر مبارکباد دی۔ مہمانِ خصوصی نے انعام یافتگان، گریجویٹ ہونے والے طلباء اور ان کے والدین کو ڈگری مکمل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور انہیں نصیحت کی کہ وہ مضبوط کردار کو برقرار رکھیں

ذاتی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دیں اور ہمیشہ اللہ تعالیٰ سے رہنمائی اور مدد حاصل کریں۔ قبل ازیں، کمانڈنٹ پی این ای سی، کموڈور مدثر خورشید نے اس بات کا اظہار کیا کہ پی این ای سی تمام شعبوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مختلف قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں طلباء کی شاندار کامیابیوں کو بھی سراہا۔ مزید برآں، ریکٹر نسٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ رواں سال یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں 14 درجے بہتری آئی ہے، جو تعلیم میں بہترین کارکردگی کے لیے یونیورسٹی کے عزم کو ظاہر کرتی ہے۔کانووکیشن میں بڑی تعداد میں سول و ملٹری معززین اور گریجویٹ ہونے والے طلباء کے والدین نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.