عبدالعلیم خان کا نجی میوزیم”ثوبیہ محل”کا دورہ

:وفاقی وزیر برائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ و مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد کے ایک نجی میوزیم”ثوبیہ محل”کا دورہ کیا اور میوزیم میں رکھے گئے قرآن پاک کے نایاب نسخوں ، اسلامی خطاطی اور تاریخی نوادرات کے نمونوں اور مجموعہ جات کی تعریف کی۔

اپنے دورے کے دوران علیم خان نے میوزیم میں وادی سندھ کے نوادرات، تاریخی نمونوں اور جدید فن پاروں کے وسیع ذخیرے کا معائنہ کیا۔

انہوں نے معروف ماہر تعلیم اور سینئر مورخ زاہد پرویز بٹ کی اس منفرد نمائش کے انعقاد میں ذاتی کاوشوں کو سراہا جو اسلامی تہذیب کے مختلف شعائرکو یکجا کرتی ہے۔

یہ مرکز ایک اہم کارنامہ ہے جو اسلامی تاریخ سے متعلق مختلف مقاصد کو یکجا کرتا ہے اور نئی نسل کو اپنی جڑوں اور تاریخ سے جوڑنے میں مدد دے گا۔

یہ اقدام نہ صرف ایک قومی بلکہ ایک مذہبی خدمت بھی ہے۔ وفاقی وزیر نے ثوبیہ محل میں موجود اسلامی خطاطی اور آرٹ کے نمونوں کا بھی جائزہ لیا اور ان کے تحفظ اور معیار کو سراہا۔

انہوں نے ملک بھر میں مزید اسلامی مراکز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مراکز نوجوان نسل کو فکری اور مذہبی رجحانات پیدا کرنے کی ترغیب دے سکتے ہیں۔ علیم خان نے ثوبیہ محل کے فروغ میں زاہد پرویز بٹ کی خدمات کو بھی سراہا۔

انہوں نے اللہ ، محمد گیلری کو دیکھنے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ‘خاص طور پر بابرکت کام’ قرار دیا۔ ”ثوبیہ محل”کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور سرپرست زاہد پرویز بٹ نے اس دورے پر وفاقی وزیر کے ساتھ اظہار تشکر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ میوزیم ایک خاندانی ورثہ ہے اور تین نسلوں سے گزرنے والی ایک خصوصی کوشش ہے، جس سے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے عوام اپنی تاریخ اور کامیابیوں سے باخبر رہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.