وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں صحت عامہ کے شعبے میں نمایاں بہتری صوبائی حکومت کے پختہ عزم اور مؤثر اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ حالیہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان میں بچوں کی مکمل حفاظتی ٹیکہ مہم کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جو عوامی اعتماد اور بہتر انتظامی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ فُل امیونائزیشن کوریج جو 2020 سے اب تک صرف 38 فیصد پر قائم تھی ایک سال کے اندر بڑھ کر 47 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار تھرڈ پارٹی ویریفکیشن آف امیونائزیشن کوریج سروے کے تحت آغا خان یونیورسٹی نے جاری کئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت کی اصلاحات، انتظامی استحکام اور صحت کے شعبے میں شفاف حکمت عملی مؤثر ثابت ہو رہی ہے ،اگر یہی تسلسل برقرار رہا تو ایکسپینڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن کے تحت مقرر کردہ 70 فیصد ہدف باآسانی حاصل کیا جا سکے گا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں یہ کامیابی صوبے کے ہر شہری کے بہتر اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔انہوں نے محکمہ صحت بلوچستان کی پوری ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن کو مزید مضبوط ارادے کے ساتھ جاری رکھے گی۔