بلوچستان کے اکثر علاقوں میں آئندہ دنوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا ،محکمہ موسمیات

علاقائی موسمیاتی مرکز بلوچستان نے آئندہ دنوں کے دوران سرد اور خشک موسم کی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہآئندہ ہفتے کے دنوں میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا جبکہ بعض اضلاع میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے گرنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق قلات، کوئٹہ، مستونگ، سوراب، قلعہ عبداللہ، پشین، قلعہ سیف اللہ اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جانے کی توقع ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
اتوار کے روز صوبے کے شمالی اور شمال مغربی علاقوں میں موسم سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم قلات، مستونگ، کوئٹہ، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، زیارت، ہرنائی، پشین، موسیٰ خیل اور ژوب میں دن کے اوقات کے دوران ہلکی بارش اور گرج چمک جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اتوار کی رات درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی واقع ہو سکتی ہے۔

پیر کے روز صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ کلات، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں رات اور صبح کے اوقات کے دوران موسم انتہائی سرد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے مطابق قلات میں 29.0 ملی میٹر، پشین میں 14.2 ملی میٹر، زیارت میں 12.75 ملی میٹر، چمن میں 10.25 ملی میٹر، کوئٹہ سریاب میں 9.0 ملی میٹر، کوئٹہ بریوری میں 8.6 ملی میٹر، کوئٹہ سٹی میں 6.0 ملی میٹر، کوئٹہ سمنگلی میں 5.0 ملی میٹر، لورالائی میں 8.5 ملی میٹر، ژوب اور بارکھان میں 4.0 ملی میٹر، پنجگور میں 2.0 ملی میٹر، دالبندین میں 1.2 ملی میٹر، مسلم باغ میں 0.25 ملی میٹر جبکہ خضدار میں 0.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دیگر بالائی علاقوں میں بھی موسم سرد رہا۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.