ڈی جی محکمہ زراعت ریسرچ کا لورالائی کے ریسرچ فارم کا دورہ

ڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے لورالائی میں قائم ریسرچ فارم کا دورہ کیا، ڈی سی سے ملاقات کی، جرم پلازم یونٹ کے قیام سے تصدیق شدہ پودوں کی افزائش کو فروغ، بی ایس ڈی آئی اسکیم کے تحت ڈپٹی کمشنر کی دو ٹیوب ویلوں کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایگریکلچر ریسرچ بلوچستان ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے ضلع لورالائی میں ایگریکلچر ریسرچ ڈائریکٹوریٹ، ریسرچ کٹوئی فارم اور ایڈاپٹیو ریسرچ فارم کا دورہ کیا۔
اس موقع پر اولیو کمرشل پروجیکٹ کے انچارج وارث بلوچ، زیتون آفیسر معراج خان دمڑ، زرعی ماہرین ڈاکٹر نعمان اور عربی اعوان جبکہ فیڈرل سیڈز سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کے نمائندے بھی ہمراہ تھے۔
ایڈاپٹیو ریسرچ کے انچارج محمد نواز کی جانب سے تفیصلی بریفنگ دی گئی۔ دورے کے دوران جاری زرعی تحقیق، زیتون کی افزائش اور مختلف فیلڈ ٹرائلز کا جائزہ لیا گیا جبکہ مقامی زمینداروں کے ساتھ نشست میں زرعی مسائل اور جدید تحقیق کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر لورالائی سے ملاقات کے دوران انہیں محکمہ زراعت ریسرچ کی جاری سرگرمیوں اور کٹوئی ریسرچ فارم میں جرم پلازم یونٹ (جی پی و یو) کے قیام کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جس کے تحت زیتون کے اقسام کی ڈی این اے کے ذریعے تصدیق ممکن ہوگی اور مستقبل میں کاشتکاروں کو تصدیق شدہ پودے فراہم کیے جا سکیں گے۔ اجلاس میں علاقے میں خشک سالی اور پانی کی کمی کے پیش نظر ریسرچ کٹوئی فارم کے لیے دو ٹیوب ویلوں کا مطالبہ کیا گیا جس پر ڈپٹی کمشنر نے بی ایس ڈی آئی اسکیم کے تحت تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے دو ٹیوب ویلز فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے محکمہ زراعت کی تحقیقاتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے علاقے کی زرعی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ ڈاکٹر محمد قاسم کاکڑ نے ڈپٹی کمشنر کا زراعت کے منصوبوں میں دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا.

Leave A Reply

Your email address will not be published.