وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان چینی کیپٹل مارکیٹ میں خودمختار بانڈز کے اجراء کے ذریعے مستقل موجودگی قائم کرنے کا خواہاں ہے، چین کے وزیر خزانہ لان فوان نے پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی صورتحال اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کا خیرمقدم کیا ہے۔وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک گروپ اور آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں چینی ہم منصب سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ مالیاتی تعاون مضبوط بنانے، بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹس تک رسائی بڑھانے اور علاقائی اقتصادی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔
ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی استحکام کی جانب پیش رفت پرروشنی ڈالی اور مشکل معاشی حالات میں چین کی دیرینہ حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ چینی وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی مالیاتی منڈیوں تک دوبارہ رسائی کو سراہا۔دونوں وزرائے خزانہ نے پاکستان کے پہلے پانڈا بانڈ کے کامیاب اجراء کا جائزہ لیا جس میں ضابطہ جاتی معاونت، ایشیائی انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی جانب سے قرض کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے معاونت 2.5 فیصد کی مسابقتی شرح منافع اور سرمایہ کاروں کی بھرپور دلچسپی اہم عوامل رہے۔ اس موقع پر سینیٹر محمد اورنگزیب نے چینی کیپٹل مارکیٹ میں خودمختار بانڈز بار بار جاری کرنے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان کی مستقل موجودگی قائم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ملاقات میں چار سال کے وقفے کے بعد پاکستان کی یورو بانڈ مارکیٹ میں واپسی اور 7.2 ارب چینی یوآن کے منظور شدہ پروگرام کے تحت مزید پانڈا بانڈز جاری کرنے کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی جن میں اے آئی آئی بی کی مسلسل معاونت بھی شامل ہے۔
دونوں رہنمائوں نے شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان کی سربراہی، آئندہ سربراہی اجلاس کی تیاریوں اور اسلام آباد میں ایس سی او کے وزرائے خزانہ کے اجلاس کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ چینی وزیر خزانہ لان فوان نے اسلام آباد میں ہونے والے وزارتی اجلاس میں شرکت کی خواہش ظاہر کی۔ملاقات میں علاقائی مالیاتی تعاون کے اہم اقدام کے طور پر ایس سی او ترقیاتی بینک کے مجوزہ قیام پر بھی گفتگو ہوئی۔ چین کی جانب سے مجوزہ بینک کے حوالے سے جاری مشاورت میں پاکستان کی فعال شرکت اور اتفاق رائے پیدا کرنے میں تعاون کی درخواست کی گئی ۔ سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس ادارے کے قیام کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں وزرائے خزانہ نے دوطرفہ بنیادی ڈھانچہ میں تعاون پر بھی بات چیت کی۔ چینی وزیر خزانہ نے چین-پاکستان شاہراہ کے ایک منصوبے کے مجوزہ راستے میں تبدیلیوں سے متعلق اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا۔ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ہنرمندی کے فروغ کے حوالے سے سینیٹر محمد اورنگزیب نے چینی ہم منصب کو مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں کی تربیت کے لیے علی بابا کے ساتھ پاکستان کے تعاون سے آگاہ کیا۔ انہوں نے طے شدہ تعاون کے فریم ورک پر عمل درآمد اور ان شعبوں میں اشتراک مزید مضبوط بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔