:ملک میں روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.26 فیصد کی کمی جبکہ سالانہ بنیادوں پر 3.97 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارہ شماریات پاکستان(پی بی ایس) کی جانب سے قیمتوں کے حساس اشاریہ(ایس پی آئی) بارے جاری رپورٹ کے مطابق 2 جنوری کو ختم ہونے والے ہفتہ میں ملک میں 10 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 23 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ اس کے برعکس 18 اشیاء کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا۔
ہفتہ رفتہ میں ٹماٹرکی قیمت میں 13.48 فیصد ،سب سے کم آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے بجلی کی قیمت میں 7.48 فیصد ، آلو 5.59 فیصد،دال چنا 0.34 فیصد، انڈے 0.23 فیصد،لہسن 0.21 فیصد، ایل پی جی 0.18 فیصد، آٹا 0.09 فیصد اور دال ماش کی قیمت میں 0.05 فیصد کی کمی ہوئی۔
اس کے برعکس چکن کی قیمت میں 10.28 فیصد، پیاز 4.93 فیصد، کیلا 1.68 فیصد،ڈیزل 1.18 فیصد، دال مونگ 1.08 فیصد، چینی 0.95 فیصد، گڑ 0.58 فیصد، جلانے کی لکڑی 0.55 فیصد، اڑھائی کلو بناسپتی گھی 0.53 فیصد، ایک کلو بناسپتی گھی 0.28 فیصد اور پٹرول کی قیمت میں 0.21 فیصد کا اضافہ ہوا۔
سب سے کم یعنی 17732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں ہفتہ وار بنیادوں پر 0.51 فیصد کی کمی ہوئی، 17733 روپے سے لے کر 22888 روپے، 22889 روپے سے لے کر29517 روپے،29518ر وپے سے لے کر 44175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپوں کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.59 فیصد، 0.28 فیصد، 0.10 فیصد اور 0.10 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔
صارفین کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 بڑے شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی بیشی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔