وزیر مملکت برائے انفارمیشن و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیٹا درست ہوگا تو خدمات کی فراہمی بہتر ہو گی، ایگری ڈیٹا کی درستگی کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ایس ڈی پی آئی کے زیر اہتمام پائیدار ترقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیٹا دنیا کے قیمتی اثاثوں میں سے ایک ہے، وفاقی اداروں اور محکموں کا ڈیٹا ایک جگہ جمع کرنا چاہتے ہیں، ڈیٹا درست ہوگا تو خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی، عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے درست ڈیٹا اہمیت کا حامل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ زراعت کا درست ڈیٹا زرعی شعبے کی پیداوار بڑھانے میں معاون ہوسکتا ہے، ایگری ڈیٹا کی درستگی کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات زراعت سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی کو متاثر کر رہے ہیں، ان مسائل کو کے حل کیلئے جدت پر مبنی سلوشن تلاش کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، آئی ٹی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور یہ شعبہ ملکی برآمدات میں اضافہ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔