بلوچستان پولیس کے تیسرے سپیشلائزڈ ٹریننگ کورس میں شامل زیر تربیت افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیااورآئی جی پنجاب عبدالکریم سے ملاقات کی۔ زیر تربیت افسران میں بلوچستان پولیس میں نئے بھرتی ہونے والے 35 ڈی ایس پیز شامل تھے۔کورس کے شرکا نے کرائم کنٹرول، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، سمارٹ پولیسنگ اور پبلک سروس ڈلیوری سمیت مختلف شعبوں میں پنجاب پولیس کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
اس موقع پر آئی جی پنجاب عبدالکریم نے بلوچستان پولیس کے افسران سے ٹریننگ اور فیلڈ تجربات کے بارے میں دریافت کیا۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلی کے محفوظ پنجاب ویژن کے تحت پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بین الصوبائی روابط کے فروغ کیلئے بلوچستان، سندھ سمیت دیگر صوبوں کے پولیس افسران کو جدید تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس افسران کیلئے فیلڈ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ آفس مینجمنٹ اور ایڈمنسٹریشن کا تجربہ بھی انتہائی ضروری ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ بلوچستان کے افسران پنجاب پولیس سے تربیت حاصل کرنے کے بعد اپنے پیشہ ورانہ کیریئر میں مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔آئی جی پنجاب نے زیر تربیت ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ ٹریننگ کو دلجمعی اور لگن کے ساتھ مکمل کریں اور جدید ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے جرائم کی سرکوبی اور پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے افسران کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے ان کی رہنمائی بھی کی۔زیر تربیت افسران نے آئی جی پنجاب کو فیلڈ ٹریننگ کے دوران حاصل ہونے والے تجربات اور مشاہدات سے آگاہ کیا۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب اور وفد کے مابین سووینئرز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔بعد ازاں زیر تربیت افسران نے سی پی او میں پولیس میوزیم، شہدا والز اور مختلف برانچز کا دورہ کیا۔ شرکا کو لا اینڈ آرڈر، کرائم کنٹرول، آپریشنز، انویسٹی گیشن، ٹریفک مینجمنٹ اور پبلک سروس ڈلیوری سمیت مختلف شعبہ جات کی ورکنگ بارے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس عمران ارشد اور ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔