اسلام آباد، 11 اکتوبر: حکومتِ پاکستان نے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے گریڈ 20 کے افسر محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ان کی تعیناتی تاحکمِ ثانی مؤثر رہے گی۔
محمد یحییٰ اخونزادہ اس سے قبل وزیراعظم آفس میں ایڈیشنل سیکریٹری کے عہدے پر تعینات تھے۔ ان کا تعلق چارسدہ، خیبر پختونخوا سے ہے۔
وہ اپنے سابقہ دورِ ملازمت میں جنوبی اور شمالی وزیرستان میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ، خیبر پختونخوا کے محکمۂ صحت، اطلاعات اور تعلیم میں سیکریٹری اور کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کے عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محمد یحییٰ اخونزادہ کی خدمات سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے سیکشن 10 کے تحت خیبر پختونخوا حکومت کے سپرد کی گئی ہیں۔