سبی ڈویژن کے عوامی جرگہ کے دورس نتائج مرتب ہونگے، نور احمد شاہ خجک
سبی(یو این اے )سبی ڈویژن کے عوامی جرگہ کے دورس نتائج مرتب ہونگے، پشتونخوامیپ کے زیراہتمام منعقدہ جرگہ میں شریک تمام قبائلی عمائدین ، زعماءہر مکتبہ فکر کے معززین کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی آراءسے جرگہ کو آگاہ کیا اور مستقبل کے لیے اپنی بہترین تجاویز پیش کیں۔ موجودہ حالات میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے بہترین راہ دکھائی ہے ،یہی راہ ملک ،پشتونخوا وطن اور اس دو قومی صوبے کے عوام کے اذیت ناک صورتحال سے نجات اور ترقی وخوشحالی پر ضامن ہوگی ۔ خان شہید کے برسی کے کامیاب جلسہ عام پر تمام کارکن داد تحسین اور عوام مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی نظریات وافکار پر کاربند ہوکر پارٹی اپنے منزل مقصود تک پہنچ سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع سبی کے سیکرٹری نور احمد شاہ خجک، سینئر معاون سیکرٹری ملک فقیر مرغزانی، ضلع ہرنائی کے قائمقام سیکرٹری عنایت خان، سینئر معاون سیکرٹری ملک سلام خان،زیارت کے سیکرٹری سردار میروائس خان ، سینئر معاون سیکرٹری لطیف خان ، ضلع کوہلو کے سیکرٹری رحمت اللہ زرکون، سینئر معاون سیکرٹری جمیل خجک ایڈووکیٹ ودیگر ضلع ایگزیکٹیوز کے اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بنوں پشتون قومی جرگہ کے فیصلوں کی روشنی میں پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام جنوبی پشتونخوا کے مختلف ڈویژنز میں جرگوں کا انعقاد کیا گیا ۔ لورالائی ، ژوب ، سبی ڈویژن کے بعد کوئٹہ ڈویژن میں جرگوں کا انعقاد ہوگا۔ موجودہ حالات میں یہ جرگے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور نہ صرف پشتونوں بلکہ ملک کے دیگر محکوم اقوام ومظلوم عوام اور پشتونخوا وطن میں آباد تمام عوام پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے پشتونوں کو ملک میں اس وقت تیسرے درجے کے شہری کے حقو ق بھی حاصل نہیں اور وفاق کے بعد اس پشتون بلوچ صوبے میں بھی پشتونوں پر روزگار ، ترقی وخوشحالی کے دروازے بند کیئے گئے ہیں یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔ پشتون بلوچ مشتر کہ صوبے بلوچستان کے ہر شعبہ زندگی میں پشتون بلوچ سیال اقوام کی برابری ناگزیر ہے اور پشتونخواملی عوامی پارٹی پشتون قوم کی سیالی ، برابری اور سیاسی واک واختیار کے حصول کے لیے جدوجہد کرتی رہیگی ۔