ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے گورنمنٹ گرلز کالج کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے کالج کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کرتے ہوئے کلاس رومز اور آڈیٹوریم ہال کا جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر کالج کی پرنسپل سعدیہ خان نے انہیں ادارے کو درپیش مسائل، سہولیات کی کمی اور تعلیمی ماحول کی بہتری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے مسائل کو بغور سنا اور فوری اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے سب ڈویڑنل آفیسر عابد علی پہنور کو ہدایت جاری کی کہ کالج کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لیے ایک جامع اور مفصل رپورٹ مرتب کی جائے تاکہ انہیں بی ایس ڈی آئی اسکیم میں شامل کرکے عملی اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ذوالفقار علی کرار نے بچیوں سے تدریسی عمل کے متعلق سوالات بھی پوچھے اور مضامین کے متعلق لیکچر بھی دیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کے پرسنل سیکرٹری منظور شیرازی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نصیرآباد کیپٹن (ر) ذوالفقار علی کرار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں کے مسائل کا حل ترقی کی بنیادی شرط ہے اور اس کے بغیر معاشرتی بہتری کا خواب ادھورا رہتا ہے، بالخصوص بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کیے جائیں اور اس سلسلے میں بی ایس ڈی آئی ایک مؤثر اور بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور انہیں ایک محفوظ اور معیاری تعلیمی ماحول میسر آئے۔بعد از ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ذلفقار علی کرار نے کالج میں پودے بھی لگائے۔