پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا بیوٹمز یونیورسٹی کے عہدیداروں کی گرفتاری کی مذمت

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کا بیوٹمز یونیورسٹی کے عہدیداروں کی گرفتاری کی مذمت
کوئٹہ(یو این اے )پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے پشتونخوا ایس او بیوٹمز یونیورسٹی کے علاقائی سیکریٹری عرفات خان اور سینئر معاون سیکریٹری فردین کبزئی کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے، باوجود اس کے کہ انہیں قبل از گرفتاری ضمانت حاصل تھی۔ پارٹی نے اس اقدام کو اعلی تعلیمی اداروں کے پرامن تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کی سازش قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور بیوٹمز یونیورسٹی کے مخصوص آفیسرز نے آپس میں مل کر یہ کارروائی کی۔پارٹی نے کہا کہ پشتونخوا ایس او نے ہمیشہ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور طلبا کی تعلیمی جدوجہد کو پروان چڑھانے کے لیے طویل جدوجہد کی ہے۔ گزشتہ روز آئی ٹی یونیورسٹی میں طلبا پر قاتلانہ حملے اور ناخوشگوار واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا کے حقوق کے تحفظ کی بجائے زخمی طالب علموں کی غیر قانونی گرفتاری کی، جس سے طلبا برادری میں مزید بے چینی پیدا ہوئی اور انہیں احتجاج پر مجبور کر دیا گیا۔بیان میں کہا گیا کہ اعلی تعلیمی اداروں میں پرامن ماحول کو برقرار رکھنے اور نظم و ضبط کے لیے مثبت رویوں اور اقدامات کی ضرورت ہے۔ ایسے اقدامات جو طلبا کو اپنے تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں سے دستبردار کرنے کی کوشش کریں، ناقابل قبول ہیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے یونیورسٹی انتظامیہ سے درخواست کی کہ وہ آئی ٹی یونیورسٹی کے پرامن ماحول کو مزید بگاڑنے سے بچائیں اور اس واقعے سے پیدا ہونے والی بدگمانیوں کو دور کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.