وزیر اعظم کے ویژن کی روشنی میں وزارت تعلیم کے تحت کام کرنے والے تمام ادارے ڈیجیٹل کر رہے ہیں،آن لائن ایکویلنس کے عمل کی کامیاب تکمیل کے بعد، آئی بی سی سی نے ایکویلنس سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے عمل کو ڈیجیٹل کر دیا ہے،یہ سروس اخراجات اور وقت کو کم کریگی ،شفقت محمود کا افتتاحی تقریب سے خطاب
اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے ڈیجیٹل ایکویلنس سرٹیفکیٹ تصدیقی سروس کا آغاز کردیا، جسے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (IBCC) نے متعارف کرایا ہے،آئی بی سی سی کے سیکرٹری ڈاکٹر غلام علی ملاح نے وفاقی وزیر کو نئی سروس کی افادیت اور فوائد سے آگاہ کیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے وڑن کی روشنی میں وزارت تعلیم کے تحت کام کرنے والے تمام ادارے شفافیت اور عوام کی سہولت کے لیے اپنے عمل کو ڈیجیٹل کر رہے ہیں۔ آنلائن ایکویلنس کے عمل کی کامیاب تکمیل کے بعد، IBCC نے ایکویلنس کے سرٹیفکیٹس کی تصدیق کے عمل کو ڈیجیٹل کر دیا ہے۔ یہ سروس رسائی کو بڑھا دے گی، اخراجات اور وقت کو کم کرے گی اور ملک کے اندر یا باہر درپیش دیگر رکاوٹوں کو کم کرے گی۔وفاقی وزیر نے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے آئی بی سی سی کی تعریف کی۔نئی سروس کی افادیت اور فوائد بیان کرتے ہوئے ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کہا کہ IBCC نے QR کوڈ کے ذریعے سرٹیفکیٹ میں سیکورٹی فیچر ڈال دیا ہے۔ اب دفاتر، اداروں یا یونیورسٹیوں کو تصدیق کے لئے IBCC کو دستاویزات بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ تصدیق اب صرف ایک کلک کی دوری پر ہے، وہ دنیا بھر میں کہیں سے بھی QR کوڈ اسکین کر کے اس کی تصدیق کر سکتے ہیں- انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک رئیل ٹائم تصدیقی سروس ہے، ادارے اپنے موبائل یا کمپیوٹر پر ڈیٹا کی فوری تصدیق کر سکتے ہیں اور انہیں اپنے دفتری ریکارڈ کے لیے ایک تصدیقی ای میل موصول ہو گی۔اس نئے سیکیورٹی فیچر کی وجہ سے IBCC سرٹیفکیٹ سے پرانے اور روایتی مینوئل سیکیورٹی فیچرز کو ہٹا کر سالانہ لاکھوں روپے کی بچت بھی کرے گا۔