چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت صوبہ میں ترقیاتی امور کی ترجیحات اور بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی اور ضلعی سطح پر جاری مختلف اسٹریٹجک منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل، معیار کنٹرول اور عوامی فوائد کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات دی گئیں۔
چیف سیکرٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹریٹیجک منصوبوں کی بروقت اور شفاف تکمیل نہ صرف بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرتی ہے بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا کر کے معاشی استحکام بھی لاتی ہے۔ بہتر سڑکیں، صاف پانی، معیاری صحت و تعلیم کی سہولیات اور توانائی کے پائیدار ذرائع عوام کی روزمرہ زندگی کو آسان اور محفوظ بناتے ہیں، جس سے خاندانوں کی خوشحالی، بچوں کی تعلیم میں بہتری اور صحت کے بہتر نتائج ممکن ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مختلف اضلاع میں سیف سٹی منصوبے شروع کیے ہیں جس میں شہری حفاظتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کیمروں، کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز اور دیگر سکیورٹی کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں انفراسٹرکچر کی تنصیب کے مراحل کا جائزہ لیا گیا۔ تعلیمی انفرااسٹرکچر کو پٴْرکشش اور معیاری بنانے کے مقصد سے اسکولوں میں اضافی کمروں کی تعمیر کا پروگرام کا آغاز کیا ہے اور 3000 میں سے 704 کمرے رواں ماہ مکمل کئے جائیں گے۔
زرعی کمانڈ ایریاز میں آبپاشی سہولیات کی توسیع اور جدید زراعتی انتظامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا جس سے کاشتکاروں کی پیداوار اور آمدنی میں بہتری متوقع ہے۔ اجلاس میں اٹھائے گئے منصوبوں کی بروقت مالی منظوری اور فنڈز کے شفاف استعمال پر زور دیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے معیاری تعمیرات اور حفاظتی پیمانوں کی پابندی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط نگرانی کی ہدایت کی گئی۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ منصوبوں کی شفاف اور موثر تکمیل صوبے کی ترجیح ہے اور تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کے اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھ ہے جائے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی، زراعت، بی۔ ٹیوٹا، تعلیم اور صحت، پبلک ہیلتھ، انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ، لائیو اسٹاک کے شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں جو حوصلہ افزا ہے۔