:پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے بھارت کے 84 یاتریوں کے گروپ کو کٹاس راج مندر کی یاترا کے لئے ویزے جاری کر دیئے۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے جاری بیان کے مطابق بھارتی یاتریوں کا یہ گروپ 19 سے 25 دسمبر 2024ء تک ضلع چکوال میں واقع شری کٹاس راج مندر (قلعہ کٹاس) کا دورہ کرے گا۔ اس موقع پر ناظم الامور پاکستان ہائی کمیشن سعد احمد وڑائچ نے بھارتی یاتریوں کی روحانی یاترا کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ مذہبی مقامات کی یاترا کے لئے 1974ء کے پاکستان -بھارت پروٹوکول کے تحت ہر سال ہزاروں سکھ اور ہندو یاتری اپنے مختلف مذہبی تہواروں و تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے پاکستان کا دورہ کرتے ہیں۔ بھارت کے یاتریوں کو ویزوں کا اجراء حکومت پاکستان کی مذہبی مقامات کی یاترا کیلئے سہولت فراہم کرنے اور بین الاقوامی مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔