بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے کوئٹہ، خاران اور اوستہ محمد میں خلاف ورزیوں پر اشیاء خوردونوش کے20 مراکز کوجرمانےجبکہ 32 کو اصلاحی نوٹسز جاری کر دئیے ہیں۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے’’ اے پی پی‘‘ کوبتایاکہ بی ایف اے کی انسپکشن ٹیموں نے کوئٹہ کے علاقوں پرنس روڈ، فقیر محمد روڈ، شاوکشاہ روڈ، طوغی روڈ، مشن روڈ، کاسی روڈ، جوائنٹ روڈ، پرانا فروٹ مارکیٹ، سیٹلائٹ ٹان، سرکی روڈ، میکانگی روڈ، کواری روڈ اور اسپنی روڈ پر قائم ہوٹلز، بیکنگ یونٹس، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، ملک شاپس اور دیگر مراکز کی چیکنگ کی۔
کارروائیوں کے دوران 1 بیکنگ یونٹ، 2 ریسٹورنٹس، 1 ڈیپارٹمنٹل اسٹور، 1 چنا چاٹ کارنر، 1 نمکو مینوفیکچرنگ یونٹ، 1 فش پوائنٹ، 1 پولٹری شاپ اور 4 ملک شاپس سمیت متعدد مراکز کو جرمانہ کیا گیا۔
خاران میں 7 نان شاپس اور 1 مصالحہ شاپ کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔بی ایف اے کے ترجمان کے مطابق جرمانہ کیے گئے مراکز میں صفائی ستھرائی کی ابتر صورتحال، ورکرز کی ذاتی صفائی کا فقدان، کھلے کوڑے دان، نکاسی آب کے ناقص انتظامات، زنگ آلود آلات، غیر معیاری و نان فوڈ گریڈ کلرز کا استعمال، خراب لہسن پیسٹ کی ملاوٹ، زائد المعیاد ایرانی کیکس، چاکلیٹس و کیچپ کی فروخت، دودھ میں پانی کی آمیزش، کم وزن نان کی تیاری اور مضر صحت کوکنگ آئل کے استعمال جیسے سنگین نقائص پائے گئے۔