بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی)نے غیر رجسٹرڈ اور غیر قانونی صحت کے مراکز کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے کوئٹہ کے علاقے بریوری اے ون سٹی میں ہدفی معائنہ کیا۔فوکل پرسن ڈاکٹر بسم اللہ کاکڑ نے اے پی پی کوبتایاکہ معائنے کے دوران ایک نرسری کو جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 3 جنرل پریکٹیشنر (جی پی)کلینکس اور 2 لیبارٹریز کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے۔
کارروائیاں بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور لائسنسنگ و اینٹی کوئیکری ریگولیشنز 2024 کے تحت عمل میں لائی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ کمیشن ہر قسم کی عطائیت کے خاتمے، صحت کے مراکز کی لازمی رجسٹریشن و لائسنسنگ، مریضوں کے حقوق کے تحفظ اور معیاری طبی خدمات کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔کمیشن نے تمام نجی صحت کے مراکز کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے فوری طور پر رجسٹریشن اور لائسنس حاصل کریں۔ عوام سے کہا گیا ہے کہ شکایات یا رجسٹریشن کی تصدیق کیلئے بی ایچ سی سی کے دفتر سے رجوع کریں۔محفوظ علاج ہر شہری کا حق ہے جبکہ اس کی نگرانی ریاست کی ذمہ داری ہے۔